(علی ساہی) پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کو یونیورسٹی میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ، کالج کی اپ گریڈیشن سے پولیس کی عالمی معیار کے مطابق تربیت ممکن ہوگی۔
چوہنگ ٹریننگ کالج کی اپ گریڈیشن پر پاکستان میں پولیس ٹریننگ کے لئے یہ پہلی یونیورسٹی ہو گی، ٹریننگ کالج کو اپ گریڈ کرنے کے لئے انٹرنیشنل ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، بڑھتے ہوئے چینلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریننگ کالج کو یونیورسٹی میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یاسین اور کمانڈنٹ چوہنگ مرزا فاران بیگ نے کام شروع کر دیا، دونوں افسران چوہنگ ٹریننگ کالج کو اپ گریڈ کرنے کے لئے فزیبلیٹی تیار کر کے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو بھجوائیں گے جبکہ حتمی منظوری حکومت دے گی۔
دوسری جانب فرسودہ نظام ختم کر کے پولیس ٹریننگ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، پنجاب پولیس کا سارا نصاب ڈیجیٹل ہوگا، ٹریننگ کرنیوالے اہلکاروں سے امتحانات بھی جدید طریقے سے لیے جائیں گے۔ افسران واہلکاروں کے لئے نصاب تک رسائی کیلئے ایپ بھی متعارف کرائی جائیگی، جدید ڈیجیٹل سسٹم اور ایپ کو پول ٹرین کا نام دیا جائے گا۔
ایپ تک رسائی صرف پولیس ٹریننگ سکول وکالجز کے اساتذہ اور ٹرینرز کو دی جائے گی، رسائی کیلئے متعلقہ افسران واہلکاروں کو مخصوص پاس ورڈ جاری کیے جائیں گے جبکہ ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد ٹیسٹ ڈیجیٹل طریقوں سے ہونگے، کلاسز میں اساتذہ کی ٹیچنگ کیلئے ڈیجیٹل بورڈ، ایپ کی تمام تیاری اور نصاب کو ڈیجیٹل کرنے کیلئے پرائیویٹ کمپنی مدد فراہم کریگی، ڈیجیٹلائیزیشن کے بعد پنجاب پولیس کی ٹریننگ کا نصاب دنیا کے جدید ترین نصاب میں شامل ہوگا۔