ملک بھر میں تحریک شروع کر یں گے ؛گرینڈ اپوزیشن الائنس

4 Sep, 2024 | 08:39 PM

سٹی 42 : گرینڈ اپوزیشن الائنس کے  مشاورتی اجلاس  کے بعد اسد قیصر اور محمو د اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کی ۔ ؛ گرینڈ اپوزیشن الائنس کا کہنا تھا کہ حکومت اے پی سی نہیں بلاتی تو ملک بھر میں تحریک شروع کر یں گے 

گرینڈ اپوزیشن  الائنس  کاجلاس تقریباً دو گھنٹے جاری رہا ۔ محمود اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار تمام سیاسی جماعتیں آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں ،ہم اپنی طرف سے اے پی سی نہیں بلائیں گے  ہم نے خصوصی کمیٹی بنائی ہے جو سب سیاسی جماعتوں سے بات کرے گی،اگر حکومت اے پی سی نہیں بلاتی یا شرکت نہیں کرتی تو ملک بھر میں تحریک شروع کریں گے ۔پھر ہم اس حکومت کی چھٹی کروائیں گے ۔ یہ لوگ انسانوں کے مرنے پر ہنسی مذاق کرتے ہیں 

ایسے لوگوں کو اور ہر حکومت کا حصہ بننے والوں کو اقتدار سے اٹھا کر باہر پھینک دینا چاہیے ۔غنیمت ہے ایسا اتحاد بنا ہے جس میں تمام جماعتیں شامل ہیں ۔جب ہم سب آئین پر متفق ہیں تو تھوڑی بہت مخالفتیں  ہوں گی مگر ہم سب کو اکٹھا کریں گے ۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ 12 کو کرک میں اور 22  کو لاہور میں جلسہ ہو گا۔احتجاجی تحریک چلانے کے لیے حامد رضا کو سربراہ بنایا گیا ہے ۔کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی تجاویز پیش کرے گی جس کی منظوری کے بعد تحریک کا آغاز ہو گا ۔ہم اختر مینگل صاحب کے پاس جا رہے ہیں اور انہیں استعفی واپس لینے کا کہیں گے

اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جو صورتحال ہے اس پر گرینڈ الائنس نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ہم سپیکر قومی اسمبلی سے بات کر یں گے  کہ بلوچستان کے حوالے سے خصوصی اجلاس بلایا جائے ۔ہم نے ایک سپیشل کمیٹی بنائی ہے جو بلوچستان کے حوالے سے اے پی سی بلانے پر کام کرے گی ۔بلوچستان میں ہمارے ناراض بلوچ بھائیوں کو اس اجلاس میں بھی بلایا جائے گا ،یہ حکومت بلوچستان کے ایشو کو غیر سنجیدگی سے لے رہی ہے ۔اختر مینگل جیسے مدبر شخص نے مایوس ہو کر استعفی دیا جو باعث تشویش ہے ۔حکومت اس قوم اور ملک پر رحم کرے ۔بلوچستان کے ایشو پر سنجیدگی سے کاوش کرنا ہو گی ۔خصوصی کمیٹی کی صدارت محمود خان اچکزئی کریں گے ْہم پورے ملک میں نکلیں گے  اور جلسے کریں گے ۔ملک کی ہر بار کونسل میں پہنچیں گے ۔ہم دن کا تعین کریں گے  اس دن ملک بھر میں احتجاج کریں گے 

مزیدخبریں