انسداد پولیو مہم کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا

4 Sep, 2024 | 08:18 PM

زاہد چوہدری :  انسداد پولیو مہم کا آغاز 9 ستمبر سے 15 اضلاع میں کیا جا رہا ہے۔مہم میں لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، فیصل آباد، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بہاولپور، گجرانولہ اور بہاولنگر شامل ہیں۔
لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں مہم سات روزہ ہو گی جو 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔ جبکہ بقیہ اضلاع میں مہم 5 روزہ ہو گی۔
لاہور: انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بدھ کو تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت پنجاب انسداد پولیو پروگرام سربراہ نے کی۔
15 اضلاع کے محکمہ صحت افسران نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ہدایات دیتے ہوئے انسداد پولیو پروگرام سربراہ خضر افضال نے کہا کہ تمام ضلعی افسران اپنے دفتروں سے نکلیں اور پولیو ٹیموں کے شانہ بشانہ کام کریں۔ تحصیل سطح کے افسران پولیو ورکروں سے براہ راست ملاقات کریں۔براہ راست میٹنگ ہر مہم سے پہلے ہونی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران یونین کونسل سطح پر پولیو چیلنجز کا احاطہ کیا جائے۔

پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال نے کہا   پنجاب میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ جبکہ 11 اضلاع میں پولیو وائرس پایا گیا ۔ جبکہ پولیو کا وائرس ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا ہے۔ ہمارے بچے وائرس کے نشانے پر ہیں۔ اس سال 11 اضلاع میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ ہمارے پولیو مائکرو پلان کی کوالٹی میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ انھوں نے ہدایات ہوئے کہا کہ ضلعی افسران پولیو مہم کی نگرانی کو بہتر بنائیں۔ وائرس کی موجودگی ظاہر کرتی ہے پولیو مہم کی کوالٹی میں بہتری کی ضرورت ہے۔ مہم کے دوران کوائف میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ مہم میں روزانہ کی بنیاد پر پولیو کوائف کا جائزہ لیا جائے گا۔ خضر افضال نے کہا کہ رضاکاروں کی تعداد میں بتدریج کمی کی جائے۔
مائیکرو پلان میں کوتاہی کا ذمہ دار تحصیل افسران کو ٹھہرایا جائے گا۔ خضر افضال نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم میں کیچ اپ کے دن انتہائی اہم ہیں۔
صوبائی پولیو مہم مانیٹرز بھی کیچ اپ پر خصوصی توجہ دیں۔ انھوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی افسران ڈپٹی کمشنرز کو مستند کوائف پیش کریں۔ پولیو کوائف میں ہیر پھیر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب پولیو پروگرام سربراہ کا کہنا تھا ویکسین سے محروم بچوں کی تعداد کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں