بجلی کے بلوں میں 2 ماہ کے ریلیف کی بجائے مستقل پلان

4 Sep, 2024 | 08:23 AM

ویب ڈیسک: وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں 2 ماہ کے ریلیف کے بجائے جامع پلان کی طرف جارہے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف مستقل پلان ہے جس سے لوگوں کو فائدہ ہو، پروگرام کے تحت 2 لاکھ سولر پینل تقسیم ہورہے ہیں، 5 لاکھ سولر پینل تقسیم کی اسکیم ایک ماہ بعد شروع ہوجائے گی،300 سے زائد یونٹ والوں کو بھی سولر پینل کی فراہمی کی اسکیم بنارہے ہیں۔

کچھ دنوں قبل کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کو سندھ کی عوام و تاجر برادری کی بقا کیلئے اشد ضروری قرار دیا گیا تھا، اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سندھ کے عوام بھی بجلی کے زائد بلوں سے بہت پریشان ہیں، سندھ کی عوام اور تاجر برادری کیلئے موجودہ نرخوں پر بل بھرنا ناممکن ہے۔

کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو بھی بجلی کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جائے، وفاق پنجاب کی طرح سندھ کو بھی بجلی بلوں میں فوری ریلیف کا اعلان کرے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کیلیے فی یونٹ 14 روپے ریلیف کا اعلان کیا تھا تاہم ماہانہ 200 یونٹ والے صارفین کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔

مزیدخبریں