اسوہ فاطمہ: یوم حجاب سے ایک روز پہلے جماعت اسلامی کی خواتین نے لاہور پریس کلب میں"تہذیب ہے حجاب" کے عنوان سے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔
اس پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرسمعیہ راحیل قاضی اور ثمینہ سعید نے گفتگو کی ۔
یوم حجاب کے موقع پر پریس کلب میں بعنوان "تہذیب ہے حجاب" پریس کانفرنس میں ثمینہ سعید اور حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی کارکنوں نے بھی شرکت کی۔اس پریس کانفرنس میں حجاب کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی گئی ۔نوجوان نسل کی تربیت اور کردار سازی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔
سمیعہ راحیل قاضی نے یوم حجاب کی ہسٹری بتائی اور کہا کہ نائن الیون کے بعد حجاب کے خلاف لہر شروع ہوئی۔ ترکی مین جب سیکولر حکومت تھی تو وہاں حجاب اوڑھنے پر ایک خاتون رکن پارلیمنٹ پر پابندی لگا دی گئی۔ انہیں بعد میں ملک بدر بھی کر دیا گیا۔ یہ تحریک ساری دنیا مین چلی، کچھ سال بعد فرانس نے بھی حجاب پر پابندی لگا دی۔ اس تناظر مین اسلامی تحریکوں کا ایک عالمی اجتماع لندن میں ہوا جس میں علامہ یوسف قرضاوی نے قیادت کی۔ لندن کے مئیر لیونگ سٹون نے اس اجتماع میں اعلان کیا کہ ہمارا ملک مسلمانوں کے خلاف اور حجاب کے خلاف تعصب مین شریک نہیں ہو گا۔ 4 ستمبر 2004 کو پہلی بار عالمی سطح پر یومِ حجاب منایا گیا۔ بیس سال سے ہر سال یہ دن منایا جاتا ہے۔
سمیعہ راحیل قاضی نے کہا کہ سورہ نور اور سورہ احزاب میں حجاب کے متعلق احکامات ہیں، دونوں سورتوں کی آیات میں حجاب کے متعلق احکامات کا آغاز مردوں سے کیا گیا۔