ملک اشرف : جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 7مقدمات میں ضمانت منسوخی کیخلاف درخواستوں پرچیئرمین پی ٹی آئی کےوکیل پیش نہ ہوئے۔ لاہور ہائیکورٹ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں کی سماعت کی۔عدالت میں درخواست گزار چیئرمین پی ٹی آئی کےسینئر وکیل پیش نہ ہوئے۔ جسٹس عالیہ نیلم نےجونیئروکیل سےاستفسارکیاکہ بیرسٹر سلمان صفدر اتنے اہم کیس میں پیش کیوں نہیں ہوئے ؟ جونیئر وکیل نے جواب دیاوہ اسلام آباد کی سپیشل کورٹ میں کسی کیس میں مصروف ہیں ۔فاضل جج نےکہااُنہیں سپیشل کورٹ کو ترجیح دینی چاہیے تھی یا ہائیکورٹ کو۔ عدالت نےکیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سےانسداد دہشت گردی عدالت کےضمانت منسوخی کے فیصلے کوچیلنج کیا گیا ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانتوں کو خارج کردیا تھا۔