ویب ڈیسک:ایپل نے سب سے پہلے اس فیچر کو ستمبر 2022 میں متعارف کرایا تھا ,ایپل کی آئی فون 14 سیریز کو ستمبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا جس میں پہلی بار سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کے فیچر کو شامل کیا گیا تھا، جس کا مقصد مشکل حالات میں لوگوں کی زندگی بچانا تھا۔
تفصیلا ت کے مطا بق اب تک اس فیچر نے کئی افراد کی زندگی بچانے میں مدد فراہم کی ہے۔اب بہت جلد اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے بھی اس سے ملتی جلتی سروس استعمال کرسکیں گے۔کچھ ماہ پہلے گوگل کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ اینڈرائیڈ 14 آپریٹنگ سسٹم میں سیٹلائیٹ کے ذریعے میسجز بھیجنے کا فیچر متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
اب ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل میسجز کے ذریعے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایمرجنسی کے دوران سیٹلائیٹ میسجز بھیجنے کی سہولت متعارف کرائی جائے گی اور یہ فیچر 150 سے زائد ممالک میں دستیاب ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل میسجز میں اس مقصد کے لیے Garmin Response ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا،یہ فیچر اس وقت کام کر سکے گا جب کسی علاقے میں موبائل سگنلز نہ ہونے کے باعث مدد کے لیے کال کرنا ممکن نہیں ہوگا،اس سے ہٹ کر عام حالات میں اس فیچر کو استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔
اگر یہ لیک درست ہوئی تو یہ فیچر متعدد ممالک میں لوگوں کی زندگیاں بچانے میں مددگار ثابت ہو سکے گا،اینڈرائیڈ فونز میں یہ فیچر ایپل کے آئی فونز کے مقابلے میں زیادہ کارآمد ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ اینڈرائیڈ 14 آپریٹنگ سسٹم کو اکتوبر میں عام صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔