ایمان مزاری کی کسی بھی کیس میں گرفتاری سے قبل عدالت کو آگاہ کرنا لازم قرار

4 Sep, 2023 | 12:23 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری کی کسی بھی کیس میں گرفتاری سے قبل عدالت کو  آگاہ کرنا لازمی قرار دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خفیہ ایف آئی آر میں ایمان مزاری کی گرفتاری سے قبل عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے صوبوں کو گزشتہ سماعت کے بعد لکھ دیا تھا، مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے صوبوں کو فیکس اور واٹس ایپ بھی کر دیا، پٹیشنر ایمان مزاری کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہیئں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ کیس نمٹا رہے ہیں، کوئی ایف آئی آر ہو تو آپ عدالت کو آگاہ کریں گے۔عدالت نے ہدایات کے ساتھ ایمان مزاری کی درخواست نمٹا دی۔

یاد رہےکہ 28 اگست کو اسلام آباد کی عدالت نے بغاوت اور اشتعال انگیزی کے کیس میں ایمان مزاری کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا لیکن لیکن جیل سے رہائی کے فوری بعد ہی اسلام آباد پولیس نے تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے میں ایمان مزاری کو گرفتار کر لیا۔واضح رہے کہ دو ستمبر کو اسلام آباد کی انسداد ہشتگردی عدالت نے ایمان مزاری کی ضمانت منظور کی تھی لیکن انہیں ایک دوسرے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

مزیدخبریں