ویب ڈیسک: ہالی ووڈ میں قدم رکھنے والے سابق امریکی صدر بارک اوباما نے ایمی ایوارڈ حاصل کر لیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بارک اوباما کو ان کی نیٹ فلکس کی دستاویزی سیریز ’آور گریٹ نیشنل پارکس‘ پر ایمی ایوارڈ دیا گیا ہے۔سابق امریکی صدر اس سے قبل اپنی یادداشت ’دی آڈیسٹی آف ہوپ‘ اور’ڈریمز فرام مائی فادر‘ کے آڈیو ورژن کے لیے وہ گریمی ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔
بارک اوباما کو چاروں بڑے امریکن انٹرٹینمنٹ ایوارڈز یافتہ افراد کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے اب ایک آسکر اور ایک ٹونی ایوارڈ حاصل کرنا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق اب تک صرف 17 لوگوں نے ہی چاروں بڑے امریکن انٹرٹینمنٹ ایوارڈز حاصل کیے ہیں، جن میں میل بروکس، ووہپی گولڈ برگ، آڈری ہیپ برن اور حال ہی میں اس فہرست میں جینیفر ہڈسن کا نام شامل ہوا ہے۔
بارک اوباما دوسرے امریکی صدر ہیں جنہیں ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، اس سے پہلے سابق امریکی صدر ڈوائٹ ڈی آئزن ہاور کو 1956ء میں اعزازی طور پر ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
خیال رہے کہ بارک اوباما 2008ء کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد بین الاقوامی سفارت کاری اور لوگوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی غیر معمولی کوششوں کے لیے امن کا نوبل انعام بھی حاصل کر چکے ہیں۔