عدالت کا ہنی سنگھ کو اہلیہ سے صلح کا مشورہ

4 Sep, 2021 | 07:27 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک:  یو یو ہنی سنگھ   اہلیہ کی جانب سے گھریلو تشدد، جنسی استحصال اور دوسری خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات کے الزامات کے تحت دائر کیے گئے مقدمے میں عدالت  پیش ہوگئے۔

بھارتی میڈیا  کے مطابق ہنی سنگھ 3 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں دہلی کی مقامی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے ہنی سنگھ اور ان کی اہلیہ کے وکلا کے دلائل سنے اور بعد ازاں حکم دیا کہ شالنی تلوار کو وکلا کی موجودگی میں شوہر کے گھر سے اپنی تمام ذاتی چیزیں اٹھانے دی جائیں۔عدالت کے مطابق شالنی تلوار کی جانب سے اپنی ذاتی اشیا کو اٹھاتے وقت ویڈیو بھی بنائی جائے اور تمام چیزوں کی فہرست عدالت میں بھی پیش کی جائے۔ رپورٹ کے مطابق دوران سماعت جج نے دونوں فریقین کو اپنے معاملات اور انتظامات درست کرنے کی ہدایت بھی کی اور انہیں تجویز دی کہ اگر صلح کا کوئی راستہ نکل سکتا ہے تو نکالیں۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ جج نے شالنی تلوار اور ہنی سنگھ کو عدالتی احکامات سے قبل ہی اپنے اختلافات نمٹانے کی تجویز دی اور انہیں بتایا کہ اچھا ہوگا کہ صلح کرلیں، دوسری صورت میں عدالت اپنا حکم سنائے گی۔عدالت نے اگلی سماعت یعنی 28 ستمبر کو ہنی سنگھ کے والدین کو بھی آن لائن پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں