پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نیا سکینڈل سامنے آگیا

4 Sep, 2021 | 01:18 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نیا سکینڈل سامنے آگیا، دل کے مریضوں کو زائد المیعاد اسٹنٹ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کا معاملہ، ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مقامی وکیل رانا محمد سکندر کے توسط سے شہری نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، درخواست میں پنجاب حکومت، چیئرمین پی آئی سی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے تحت شہریوں کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن حکومت اس میں ناکام ہے۔ 

وکیل کے مطابق زائدالمعیاد اسٹنٹ ڈالنا مریضوں کی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرکے انہیں عہدوں سے ہٹایا جائے، اسی نوعیت کی درخواست اس سے قبل سردار فرحت منظور چانڈیو نے دائر کی تھی اور امکان ہے ان درخواستوں پر 6 ستمبر کو سماعت ہوگی۔

مزیدخبریں