جو بائیڈن کا سانحہ نائن الیون سے متعلق دستاویزات جاری کرنے کا حکم

4 Sep, 2021 | 12:37 PM

Arslan Sheikh

ویب ڈیسک: امریکی صدر جو بائیڈن نے سانحہ نائن الیون سے متعلق دستاویزات 6 ماہ میں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ سانحےکے متاثرین اور ہلاک افراد کے ورثا سمیت سیکڑوں افراد نے امریکی صدر سے ’ڈاکیومنٹس ڈی کلاسیفائی‘ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ نائن الیون کی تحقیقات بند فائلوں سے باہر نکالنے کا وقت قریب آن پہنچا ہے، سانحے کے بیس برس مکمل ہونے سے چند روز قبل امریکی صدر نے 6 ماہ میں تحقیقاتی رپورٹ عام کرنے کا حکم دے دیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ الیکشن مہم میں نائن الیون سے متعلق دستاویزات عام کرنےکا وعدہ کیا تھا۔ سانحے کی بیسویں برسی سے قبل اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیئے۔

محکمہ انصاف سمیت متعلقہ محکموں کو ڈی کلاسیفیکیشن کے عمل کا جائزہ لینے اور اٹارنی جنرل کو  6 ماہ میں دستاویزات عام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سانحہ نائن الیون کے متاثرین اور ہلاک افراد کے ورثا سمیت کم و بیش 1700 افراد نےگزشتہ ماہ امریکی صدر کے نام خط میں نائن الیون سے متعلق دستاویزات عام کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ان افراد کا الزام ہے کہ امریکی تاریخ کے بد ترین سانحے کی ذمہ دار القاعدہ کو سعودی حکومت کی جانب سے مالی امداد دی گئی تھی۔ امریکی حکومتیں جان بوجھ کر حقائق پر پردہ ڈالتی رہی ہیں۔ سانحے پر امریکی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ سعودی حکومت کے القاعدہ کو براہ راست مالی امداد دینے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ یاد رہے سانحہ نائن الیون میں تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 

مزیدخبریں