سرکاری ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت ناپید

4 Sep, 2020 | 09:05 PM

Malik Sultan Awan

(زاہد چوہدری) ٹیچنگ ہسپتالوں میں سرجری کیلئےکورونا ٹیسٹ کی لازمی شرط مریضوں کیلئے درد سر بن گئی ۔ ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت ناپید ہونے سے ٹیسٹ کیلئے مریض در بدر  کی ٹھوکریں کھانے لگے، صرف جناح ہسپتال میں سرجری کے مریضوں کو ہسپتال کی لیب میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت میسر  ہے۔
ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ نہ ہونے سے سرجری کیلئے آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے سرجری سے قبل مریض کے کورونا ٹیسٹ نیگیٹو ہونے کی شرط عائد کئے جانےسے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میو ہسپتال ، گنگا رام ہسپتال ، سروسز ہسپتال ، پی آئی سی ، چلڈرن ہسپتال ، شیخ زید ہسپتال ، لیڈی ولنگڈن اور لیڈی ایچی سن ہسپتال،  کوٹ خواجہ سعید ، یکی گیٹ ، سید مٹھا ہسپتال ، میاں منشی اور شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت ہی دستیاب نہیں ہے جس سے سرجری کیلئے آںے والے مریض علاج سے پہلے ٹیسٹ کروانے کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

جنرل ہسپتال میں کٹس ختم ہونے کی وجہ سے کورونا ٹیسٹ نہیں ہورہے تاہم جناح ہسپتال واحد سرکاری علاجگاہ ہے جس بھی کورونا ٹیسٹ کی سہولت مریضوں کو میسر ہے ۔ ٹیچنگ ہسپتال کورونا ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کرکے محکمہ پرائمری ہیلتھ کی لیبارٹریز کو ٹیسٹ کرواتے ہیں لیکن ناقص کوآرڈینیشن سے یہ عمل بھی تاخیر سے دوچار ہے جس کا خمیازہ غریب مریض بھگتنے پر مجبور ہیں لیکن تاحال اس سنگین مسئلے کا کوئی حل تلاش نہیں کیا جاسکا ہے ۔

مزیدخبریں