انوکھی طلاق ،خاتون کو دنیا کی امیر ترین عورت بنادیا

4 Sep, 2020 | 03:33 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42:میاں بیوی کے درمیان طلاق کا عمل تکلیف دہ ہوتا ہے،اگر دونوں کے بچے ہوں تو اس کے مزید برے اثرات پڑتے ہیں،لیکن دنیا میں ایک ایسی طلاق بھی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں خاتون دنیا کی امیر ترین عورت بن گئی ۔

ایمازون کے بانی جیف بیزوس دنیا کے امیر ترین آدمی بن چکے ہیں اور ان کی دولت سابق امیرترین شخص بل گیٹس سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے جو اب دوسرے نمبر پر ہیں۔ اب کورونا وائرس کی وباءکے دوران ایمازون کے حصص کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے باعث جیف بیزوس کی سابق اہلیہ مکینزی سکاٹ دنیا کی امیرترین خاتون بن گئی ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق جیف بیزوس اور مکینزی کی 2019ءمیں طلاق ہوئی تھی جب جیف بیزوس کا اپنے ایک دوست کی اہلیہ کے ساتھ معاشقہ منظرعام پر آیا۔ طلاق کے تصفیے میں مکینزی کے حصے میں ایمازون کے 4فیصد حصص آئے تھے۔ 


 
بلومبرگ ارب پتی انڈیکس کے مطابق لاک ڈاﺅن کے دوران ایمازون کے حصص کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا جس سے مکینزی کے ان 4فیصد حصص کی قیمت میں 30.3ارب ڈالر کا اضافہ ہو گیا اور ان کی مجموعی مالیت 67.4ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح وہ دنیا کی امیرترین خاتون اور مجموعی طور پر دنیا کی 12ویں امیر ترین شخص بن گئی ہیں۔ واضح رہے کہ 2020ءکے شروع سے اب تک ایمازون کے سٹاکس میں حیران کن طور پر اضافہ ہوا اور وہ 2ہزار ڈالر سے 3500ڈالر تک پہنچ گئے۔ بلومبرگ نے اپنی اس رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ لاک ڈاﺅن کے دنوں میں امریکہ کے تمام ارب پتیوں کی دولت میں مجموعی طور پر 800ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں