(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسداد ڈینگی کے لیے صوبہ بھر میں موثر مہم چلانے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نےانسداد ڈینگی و انسداد پولیو کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیو کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہارکیا، انکا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی اور انسداد پولیو کےلیے محکمہ صحت کے ساتھ انتظامیہ کو بھی محترک ہونا ہوگا، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی اورانسداد پولیو کے اقدامات کی خود نگرانی کریں، انسداد ڈینگی کے لیے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پرخ صوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں انسداد ڈینگی و انسداد پولیو کے ایس او پیز تیار کیےہیں، ان ایس او پیز پرعملدرآمد اورباقاعدہ مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسداد ڈینگی و پولیو کے حوالے سے بہترین کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کے افسروں اور عملے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، انسداد ڈینگی اور انسداد پولیو کے ہر اقدام کا آڈٹ ہو گا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء مراد راس، یاسر ہمایوں، پیرسید سعید الحسن شاہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنرلاہور ڈویژن، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ماہرین نے شرکت کی،جبکہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعدوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بغیر پروٹوکول کے شہر میں نکل پڑے،بارش کے دوران شہر کی سڑکوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نےکہا کہ لاہور میں گزشتہ حکومتوں کی نسبت نکاسی کےبہترین انتظامات کیےگئےہیں،اس نوعیت کی بارش سےلارنس روڈ کا علاقہ پہلے ڈوب جاتا تھا،سردارعثمان بزدار نے کہا کہ واسا عملےکی تعریف کرتا ہوں جنہوں نےمون سون میں بہترین کام کیا۔