(کمل سومرو)سرکاری کالجوں کے اساتذہ اور ملازمین کے مفت کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کرلیاگیا جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری اور پرائیویٹ کالجوں کو کھولنے کے لئے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری کالجوں کے اساتذہ اور ملازمین کے مفت کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ ہوگیا، محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سےمحکمہ ہیلتھ کو مفت کورونا ٹیسٹ کے لئےانتظامات کرنے کی سفارش کردی گئی، علاوہ ازیں سرکاری و پرائیویٹ کالجوں کو کھولنے کے لئے ڈائریکٹر آف پبلک انسٹرکشنز کالجز پنجاب نےتمام ڈویژن کے ڈائریکٹرکالجز کے نام مراسلہ جاری کردیا۔
جس کے مطابق پرائیویٹ کالجوں کے پرنسپل سے کورونا انتظامات کے حوالے سے سرٹیفکیٹ وصول کرنے کا فیصلہ کیاگیا،پرائیویٹ کالجوں کے پرنسپل اپنے اساتذہ و ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرانے کے پاپند ہوں گے، سرکاری و پرائیویٹ کالجوں کے اساتذہ و ملازمین کی کورونا پرٹریننگ ورکشاپ 8 اور 9 ستمبر کو منعقد کرنے کا شیڈول جاری کیاگیا۔ جاری مراسلہ میں مزید کہاگیا کہ ڈائریکٹرکالجز اپنے ڈویژن کے پرائیویٹ اور سرکاری کالجوں کی رپورٹ جمع کرانے کے پاپند ہوں گے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہےکہ سکول کھولنےسےپہلےاساتذہ کاکوروناٹیسٹ لازمی ہوگا، ماسک کےبغیرآنےوالےبچےکوسکول داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی ، ماسک بچہ گھر سے پہن کر آئے گا۔سرکاری ونجی سکولز میں بچوں کے آنے کیلئے ماسک پہنا لازمی ہوگا اور ماسک گھر سے لیکر آنا ہوگا ۔
سکول اوپن ہونےسےتین دن قبل اساتذہ کاٹیسٹ لازمی ہوگا۔ ماسک اور کوروناسےمتعلق دیگر سامان کی خریداری کیلئےسات ارب چاہیےجوحکومت خرچ نہیں کرسکتی ۔ مراد راس کا کہنا تھا کہ کسی نجی سکول کوماسک اوردیگرسامان بیچنےکی اجازت نہیں ہوگی۔
پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اپنی جیب سے کورونا ٹیسٹ نہیں کروائیں گے، حکومت سرکاری سطح پر اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کروائے۔انکا کہنا تھا کہ تین دن میں 15 لاکھ سرکاری و پرائیویٹ اساتذہ وملازمین کے کورونا ٹیسٹ ہونا ناممکن ہیں۔
بعدازاں ڈاکٹر مراد راس نے اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کے معاملہ پر یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ سکول کھلنے سے قبل تمام اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ صرف ایک تجویز تھی، ٹیسٹ کروانے کا حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس میں کیا جائے گا۔