(سٹی 42) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو شاہینوں کا ہیڈ کوچ اور کرکٹ لیجنڈ وقار یونس کوباؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا، دونوں کی تقرری تین سال کیلئے کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور وقار یونس کو باؤلنگ کوچ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ باضابطہ اعلان آج متوقع ہے، دونوں کا معاہدہ 3سال کے لیے کیا گیا ہے، اس سے پہلے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور باؤلنگ کوچ اظہر محمود تھے۔ ان دونوں کی مدت ختم ہونے کے بعد پی سی بی نے ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ کیلئے اشتہارات جاری کیے تھے جس کے بعد امیدواران سے انٹرویوز لئے گئے اور انٹرویوز کے بعد مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور وقاریونس کو باؤلنگ کوچ تعینات کر دیا گیا، مصباح الحق اہم ذمہ داری کے ساتھ ساتھ چیف سلیکٹر کی حیثیت سے بھی کام کرینگے۔
واضح رہے کہ مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے رکن تھے اور انہوں نے کمیٹی سے مستعفی ہو کر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے درخواست جمع کرائی تھی جب کہ وقار یونس ماضی میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔