سٹی42: خیبرپختونخوا سے بھی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی سکیورٹی کیلئے فوجی دستے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فوجی دستے اسلام آباد اور گردونواح میں تعینات کیے جائیں گے اور یہ دستے انتشار پسندوں کے عقب سے کے پی سے روانہ ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس سی او سمٹ کی سکیورٹی کیلئے کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنایا جائے گا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ یہ سکیورٹی اقدامات شہریوں کی سلامتی اورتحفظ کو یقینی بنانے کیلیے کیے جارہے ہیں۔
فوج آرٹیکل 245 کے تحت ایس سی او سمٹ کے دوران سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے گی اور فوج ایس سی او سمٹ کے دوران اسلام آباد میں 17 اکتوبر تک تعینات رہے گی.
وفاقی دارالحکومت میں فوج کی تعیناتی 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک ہوگی،اسلام آباد کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے حوالے ہوگی اور پولیس اور دیگر ادارے فوج کی معاونت کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے.
دوسری جانب پی ٹی آئی کی طرف سے احتجاج کی کال دی گئی ہے، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور صوابی سے قافلہ لے کر اسلام آباد کے ڈی چوک کی طرف روانہ ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیئے،پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گرد و نواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے،شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کا علاقے بھر میں گشت شروع ہوگیا۔کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،