ویب ڈیسک : پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر پورے ملک سے عوام کا سمندر ڈی چوک کی طرف رواں دواں ہے ۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ کا قافلہ صوابی سے نکل کر اٹک کی طرف بڑھ رہا ہے، موٹروے کی سڑک پر کیل بچھائے گئے ہیں، برہان انٹرچینج کے قریب موٹروے کی کھدائی کی گئی ہے، پرامن لوگوں سے ن لیگ خوفزدہ کیوں ہے ، عوام مینڈیٹ چوری کرنے والے حکمرانوں سے حساب لینے نکلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے پرامن احتجاج کے دوران لاشیں گرانے کا منصوبہ بنایا ہے، پر امن احتجاج میں ن لیگی مسلح کارکنان شامل ہونے کے شواہد ملے ہیں، نااہل وفاقی حکومت پرامن احتجاج کو زبردستی پرتشدد بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لیے نکلنے والی عوام کے ساتھ ہونے والے ریاستی جبر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، وفاقی اور پنجاب حکومت کا خوف سمجھ سے باہر ہے، ن لیگ میدان میں آئے اور اداروں کو اپنی سیاست کے لیے استعمال نہ کرے، سیاست کو سیاسی اداروں تک محدود رکھنا چاہیے ۔ شریف خاندان سے نجات ضروری ہو چکی ہے ، شریف خاندان بین الاقوامی سطح پر ایک کرپٹ سیاسی خاندان کے طور پر ثابت ہو چکا ہے ، کرپٹ خاندان کو پاکستانی عوام پر مسلط کر کے کونسی سزا دی جا رہی ہے۔