ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست اترپردیش میں بتایا جا رہا ہے کہ ایک نرس نے ٹپ نہ دینے پر نومولود بچے کو نہلائے بغیر ٹیبل پر ڈال دیا، بچہ بعد میں فوت ہو گیا۔ بچہ والدین کے حوالے کیا گیا تو وہ نیم مردہ حالت میں تھا۔
بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ مطابق ریاست اترپردیش کے شہر مین پوری کے مقامی ہسپتال کی نرس جیوتی بھدوریا نے بچے کی پیدائش پر مٹھائی کے نام پر 5100 کی رقم کا تقاضا کیا۔رقم نہ دینے پر نرس نے نومولود کو والدین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ غریب والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے 40 منٹ کی تگ و دود کے بعد کسی سے رقم ادھار لے کر نرس کو پیسے دیئے اور بچہ مانگا۔
جس پر نرس نے بتایا کہ بچہ لیبر روم کی میز پر ہے جب والدین وہاں پہنچے تو ان کا دعویٰ ہے کہ انہیں بچہ نیم مردہ حالت میں ملا۔ بچے کے والدین نے الزام لگایا کہ نرس نے بچے کو ٹیبل پر بغیر نہلائے دھلائے اور کسی احتیاطی تدبیر کے بغیر چھوڑ دیا تھا۔
والدین بچے کو دوسرے ہسپتال لے کر گئے جہاں بتایا گیا کہ نومولود کی موت ہو گئی ہے۔ نرس کے خلاف شکایت درج کرلی گئی ہے جبکہ محکمہ صحت نے بھی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی۔