ویب ڈیسک: بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو 'بلوچوں کے حقوق کے لیے پرامن طریقے سے وکالت کرنے' کے لیے ٹائم میگزین کی ' 2024 ٹائم 100 نیکسٹ' کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
اس فہرست میں 100 نوجوان افراد کو شامل کیا گیا ہے جن میں فنکار، کھلاڑی اور حقوق کے کارکنان شامل ہیں، میگزین کا کہنا ہے کہ اس فہرست کا مقصد 'اس بات کو تسلیم کرنا ہے کہ قیادت اب ایسی نہیں ہوتی جیسے پہلے ہوا کرتی تھی'۔
میگزین نے ڈاکٹر ماہ رنگ کو ان کی حقوق کی پُر امن جدوجہد کے ساتھ ساتھ دسمبر 2023 کے اسلام آباد مارچ کے لیے منتخب کیا، جہاں انہوں نے اور سیکڑوں خواتین نے 'اپنے شوہروں، بیٹوں اور بھائیوں کے لیے انصاف' کی غرض سے مارچ کیا۔
اس اعلان کے بعد ایک فیس بک پوسٹ میں ڈاکٹر ماہ رنگ نے لکھا کہ "میں TIME کی جانب سے دنیا کے 100 ابھرتے ہوئے لیڈروں میں شامل ہونے پر بے حد اعزاز اور خوشی محسوس کر رہی ہوں'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'میں یہ اعزاز تمام بلوچ خواتین انسانی حقوق کے محافظوں اور جبری طور پر لاپتا ہونے والے افراد کے متاثرین کے خاندانوں کے نام کرتی ہوں۔'
یاد رہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اس وقت منظر عام پر آئی تھیں جب انہوں نے اپنے والد غفار لانگو کے دسمبر 2009 میں کراچی کے ایک ہسپتال کے باہر سے لاپتہ ہونے کے بعد احتجاجی مظاہروں کی قیادت شروع کی۔