فاران یامین: لاہور میں ایس پی کینٹ اویس شفیق کی ہدایت پر چوکی نادر آباد پولیس نے 15 کی کال پر فوری ریسپانس دیتے ہوئے 2بچوں کو بحفاظت والدین سے ملوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق 5 سالہ نعمان اور 3 سالہ وجیہہ گھر سے چیز لینے کیلئے نکلے لیکن واپسی پر گھر کا راستہ بھول گئے۔
ایس پی کینٹ کی ہدایت پر بچوں کی فوری تلاش کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی، چند گھنٹوں کی محنت کے بعد اے ایس آئی عمران نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دونوں بچوں کو تلاش کر لیا۔
چوکی نادر آباد پولیس نے والدین کی پریشانی کو خوشی میں بدل دیا اور دونوں بچوں کو بحفاظت والدین سے ملوا دیا۔
ایس پی کینٹ اویس شفیق کا کہنا تھا کہ "ہماری کوشش ہے کہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔" والدین نے نعمان اور وجیہہ کے بحفاظت ملنے پر پولیس کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔