مریم نواز نے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کر لیا

4 Oct, 2024 | 10:04 AM

 راؤ دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پہلی سہ ماہی کے ریونیو اہداف وصولی کا جائزہ لیا گیا، مریم نوازشریف نے ریونیو ٹارگٹ پورے کرنے والے ڈیپارٹمنٹس کو شاباش دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کر لیا اور سرکاری اراضی کے بہترین استعمال کیلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظوری دے دی، پنجاب ریونیو اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کیلئے پلاننگ کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں ریسٹورنٹس، بیکریاں اور میرج ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریو نیو کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا، جو بھی سرکاری خزانے میں جمع ہوگا پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی لیگل فریم ورک کی تشکیل کا ٹائم لائن مقرر ہے، عوام کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل بہت زیادہ نہیں ہیں، ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کئے جائیں۔

سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر فنانس مجتبیٰ شجاع الرحمان، ایم پی اے ثانیہ عاشق، پرنسپل سیکرٹری، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز ایریگیشن، فنانس، مائن اینڈ منرل، ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں