ڈی چوک جائیں گے، اکیلا بھی رہ گیا، تب بھی جاؤں گا:علی امین گنڈاپور

4 Oct, 2024 | 08:49 AM

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان سے ابھی تک کسی نے احتجاج ملتوی کرنےکے لئے رابطہ نہیں کیا، میرا اختیار بانی چیئرمین کے پاس ہے وہ جو حکم دیں گے اس پرعمل کروں گا۔

نجی نیوز چینل سے بات کرتےہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہرصورت ڈی چوک جائیں گے، اکیلا بھی رہ گیا، تب بھی جاؤں گا، ہمارا پر امن احتجاج ہے، تشدد کیا گیا تو ذمہ دار تشدد کرنے والے خود ہوں گے۔

اس سے پہلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پشاور اور خیبر کے پارٹی عہدیداروں، اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ہر صورت ڈی چوک پہنچنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ راستے میں کئی راتیں رکنا بھی پڑیں تو رکا جائے گا، کھانے پینے کی اشیا، کپڑے، ماسک اور شیلنگ سے بچنے کیلئے سامان بھی موجود ہوگا۔

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کے قافلے کے ہمراہ موٹروے اور راستوں سے کنیٹنرز ہٹانے کی مشینری بھی ساتھ ہوگی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں ڈی چوک پر احتجاج کے اعلان کے بعد گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دھاوا بولے گا تو اسے کوئی نرمی یا رعایت نہیں دی جائےگی۔

مزیدخبریں