سٹی 42: پاکستان کی پہلی خاتون خلاء باز نمیرہ سلیم نے خلاء میں روانگی کیلئے ٹریننگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اپنے اسپیس سوٹ اور پیراشوٹ کو درست طریقے سے فٹ کرنے کے بارے میں سیکھاہے ۔
ہمیں اسپیس شپ میں سیٹوں کی فعالیت اور اپنی سیٹ بیلٹ کو باندھنے اور کھولنے کے بارے میں سکھایا گیا۔ ہمیں سکھایا گیا کہ ہم کس طرح صفر کشش ثقل پر اپنی نشست سے اٹھ سکیں گے، کل ہمارے پاس ٹریننگ کا ایک اور دلچسپ دن ہے۔
یاد رہے کہ نمیرہ سلیم پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، نمیرہ سلیم 21 اپریل 2007ء کو قطب شمالی اور 8 جنوری 2008ء کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں، نمیرہ سلیم نے خلاء پر روانگی سے قبل گزشتہ ماہ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی، نمیرہ سلیم نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔
نمیرہ سلیم خلاء میں پاکستانی پرچم بلند کرنے کا عزم رکھتی ہیں، نمیرہ سلیم کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے جو قوم کیلئے اہم کامیابی ہے، نمیرہ سلیم کی اس کاوش سے پاکستان کا امن پسند اور ترقی پسند ملک کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔