(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ڈی ایم کو بڑا سیاسی دھچکا لگ گیا، آزاد حیثیت میں منتخب 200 ویلیج و نیبرہوڈ چیئرمین پی ٹی آئی کوپیارے ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں شمولیتی تقریب کے دوران 200 بلدیاتی نمائندوں نے پاکستان تحریک انصاف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، ہری پور، جنوبی وزیرستان، ٹانک، تورغر، لکی مروت، بٹگرام اور مانسہرہ سے چیئرمین نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے صرف نام رہ جائیں گے، ملک اور صوبے میں تحریک انصاف کا مقابلہ ناممکن بن چکا ہے،پی ٹی آئی کی جڑیں گھر گھر تک پھیلی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ہر مکتبہ فکر کا مکمل اعتماد حاصل ہے، امپورٹڈ کابینہ خیبرپختونخوا کو اپنا حق نہیں دے رہی، وفاقی حکومت سابقہ فاٹا کے ترقیاتی بجٹ پر خاموش ہے، ہم امپورٹڈ حکومت سے خیبرپختونخوا کا حق چھین کر لیں گے۔