ویب ڈیسک: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے گزشتہ روز ممبئی کے ساحل کے قریب موجود ایک کروز جہاز سے منشیات قبضے میں لینے کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے چند گھنٹے بعد اداکار سلمان خان گزشتہ روز درمیانی شب کو اداکار سے ملنے ان کے گھر گئے تھے۔اس حوالے سے ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں سلمان خان کو ایک سفید گاڑی میں شاہ رخ خان کے گھر’منّت‘کے اندر داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کی مقامی عدالت نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات برآمدگی کیس میں ایک دن کے ریمانڈ پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی تحویل میں دیتے ہوئے جیل بھیج دیا ہے۔این سی بی نے عدالت سے آریان خان کا دو دن کا ریمانڈ منظور کرنے کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے اِنہیں ایک دن کے ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔آریان خان کے ساتھ اس کے دو دوستوں کو بھی این سی بی کی تحویل میں دے دیا گیا ہے جبکہ عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔