(سٹی 42) ڈینگی کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت کی کوشش میٹنگز تک محدود، مزید 14 لاہوریوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد ڈینگی میں مبتلا مریضوں کی تعداد 169 ہوگئی۔
موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی لاہور کے باسیوں پر ڈینگی مچھر کے حملے تیز ہوگئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 14 شہری نشانہ بن گئے، جس کے بعد ڈینگی کے شکار افراد کی تعداد 169 ہوگئی۔
ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریضوں میں 19 سال مونم بی بی اور 39 سالہ مظہر سلیم گھرکی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں، جبکہ 21 سالہ مزمل اور 36 سالہ رافیہ سروسز ہسپتال، 26 سالہ تہمینہ اور 45 سالہ اظہر شالامار ہسپتال، 24 سالہ کاشف کوٹ خواجہ سعید ہسپتال اور 38 سالہ حافظ مظہر شاہدرہ ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔
دوسری جانب محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف اور افزائش روکنےکے لیے کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، گزشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 213کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج جبکہ27افراد کوگرفتار کیا گیا۔
اسی طرح 05 مقامات کو ڈینگی لاروا کی موجودگی پر سیل جبکہ 1606کو وارننگ جاری کی گئی، ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ڈاکٹرز، نرسوں اور فیلڈ سٹاف کی ہنگامی بنیادوں پر بھرتیاں بھی کی جا رہی ہیں۔