ویب ڈیسک : قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ میں ہونے والے اجلاس میں ججز کی تعداد بڑھانے کے بل سمیت پیش کیے گئے متعدد ترمیمی بل منظور کرلیے گئے، پریذائیڈنگ افسر کی جانب سے کچھ کو مؤخر کردیا گیا ۔ سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا ۔
پریذائیڈنگ افسر سینیٹر عرفان صدیقی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس ہوا، وزیر دفاع خواجہ آصف، ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار ، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ ایوان میں پہنچے ۔ سینیٹ اجلاس میں اہم قانون ساز ی اراکین کو ایوان میں بلا لیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سینٹ اجلاس میں پہنچ گئے ۔
سینیٹ میں سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے کا بل پیش کیا گیا، بل وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا ۔ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے سپلمنٹری ایجنڈا پیش کرنے کی تحریک پیش کی۔ سپریم کورٹ ججوں کی تعداد بڑھانے کے لیے بل ایوان میں پیش کیا گیا، ایوان بالا میں سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد بڑھانے کا بل منظور کرلیا گیا۔
اجلاس میں اسلام ہائیکورٹ ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل بھی سینیٹ سے منظور کرالیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڈ نے بل ایوان میں پیش کیا ۔
سینیٹ میں پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل پیش کرنے کی تحریک منظور کرلی گئی، بل وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا، سینیٹ نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور کرلیا۔ بل کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے ۔
سینیٹ نے پاکستان ایئر فورس ترمیمی بل منظور کرلیا ، ایوان بالا نے نیوی ترمیمی بل منظور کرلیا ، دونوں بلز خواجہ آصف نے ایوان میں پیش کیے۔
اجلاس میں واپڈا یونیورسٹی اسلام آباد بل پیش کیا گیا، بل سینیٹر فوزیہ ارشد نے پیش کیا، بل کی شق وار منظوری ایوان سے لی گئی۔ سینیٹ نے واپڈا یونیورسٹی اسلام آباد بل منظور کرلیا ۔
پاکستان اینیمل کونسل بل 2023 ایوان سے متفقہ طور پر منظور کروا لیا گیا، بل سینیٹر کامران مرتضی نے ایوان میں پیش کیا ۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ملک میں موٹر سائیکل حادثات میں معصوم جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں بڑھتے اضافے پر قرارداد پیش کی ، سینیٹ نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
سینیٹر انوشہ رحمان نے ریاستی ملکیتی ادارے گورننس اینڈ آپریشنز ترمیمی بل 2024 پیش کردیا، بل متعلقہ کمیٹی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ سینیٹر سلیم مانڈی والا نے قومی ادارہ برائے صحت تنظیم نو ترمیمی بل پیش کردیا ۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ بل آج ہی پیش ہورہا ہے، اسے متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیں ۔ جس کے بعد پریذائیڈنگ افسر نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کارخانہ جات ترمیمی بل ایوان میں پیش کردیا ۔ سینیٹ نے کارخانہ جات ترمیمی بل منظور کردیا۔
سینیٹ میں فوجداری قوانین ترمیمی بل 2023 مؤخر کردیا گیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے ایک اچھا بل آئے گا، اس بل کے ساتھ اس میں سے چیزیں بھی شامل ہوں گی، ہم اس بل کو رجیکٹ نہیں کرنا چاہتے، فی الحال بل مؤخر کردیں۔ پریزائیڈنگ آفیسر نے بل مؤخر کرنے استدعا منظور کر لی۔ پریذائیڈنگ افسر عرفان صدیقی نے اینٹی ریپ تحقیقات و مقدمہ ترمیمی بل بھی مؤخر کردیا گیا ۔
گارجنز اور وارڈز ترمیمی بل 2024 ایوان سے منظور ہوگیا، بل سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ایوان میں پیش کیا۔ تارکین وطن کی سمگلنگ روک تھام ترمیمی بل 2024 مؤخر کردیا گیا، پریذائیڈنگ افسر نے بل مؤخر کردیا ۔