سٹی 42 : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ،محسن نقوی نے 6 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا، شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی لائق تحسین ہے، خیبرپختونخوا کی سرزمین پر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے 3 اور 4 نومبر کی رات خیبر پختونخوا میں 2کارروائیوں کی گئیں، ان کارروائیوں میں6 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ۔