ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’آج عالمی امن کو ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے‘

’آج عالمی امن کو ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

احمد منصور  : چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ  آج عالمی امن کو ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حالات بہت کچھ کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہیں۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پیس کیپنگ ٹریننگ سینٹر کی 28ویں سالانہ کانفرنس پاکستان میں پہلی بار سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلیٹی نسٹ اسلام آباد میں 4 سے 8 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل فیاض شاہ نے ان کا استقبال کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے سی آئی پی ایس کی نئی عمارت کے افتتاح کے ساتھ ہوا۔ افتتاحی تقریب میں انڈر سیکریٹری جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز جین پیئر لاکروکس، اقوام متحدہ کے پولیس مشیر، قائم مقام ڈپٹی ملٹری ایڈوائزر، سیکریٹری خارجہ پاکستان اور ریکٹر نسٹ بھی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج عالمی امن کو ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے امن قائم کرنے کی متعدد کوششوں کے باوجود معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار ایک واضح یاد دہانی کا کام کرتی ہے کہ ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے بے گناہ عوام کے مسائل امن کے لیے مسلسل کوششوں کا تقاضا کرتے ہیں۔

آرمی چیف نے عصر حاضر میں عالمی امن کو درپیش چیلنجز اور خطرات پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں اعزازی مہمان جین پیئر لاکروکس نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے تعاون کا اعتراف کیا اور 28ویں آئی اے پی ٹی سی سالانہ کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کی تعریف کی۔