سٹی42: کیا واقعی کپتان بابر اعظم نے شادی کیلئے ڈیزائنر سبیاساچی کی 7 لاکھ کی شیروانی خرید لی ہے ؟
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے لیے بھارت میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم سے متعلق بھارتی میڈیا مختلف افواہیں پھیلارہا ہے، کچھ روز قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھانے کے مینیو پر جھوٹی خبریں پھیلائی گئی تھیں، اب ایک اور ایسی ہی خبر سامنے آئی ہے۔
اب بھارت کی کئی اسپورٹس ویب سائٹس نے کپتان بابر اعظم کی نجی زندگی سے متعلق دعوی کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی شادی کے لیے بھارت کے معروف سلیبریٹی فیشن ڈیزائنر 'سبیاساچی' کی شیروانی خریدی ہے جس کی مالیت 7 لاکھ بھارتی روپے ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ بابر نے اس اہم ٹورنامنٹ کے دوران ناصرف شیروانی بلکہ شادی کے لیے جیولری بھی خریدی ہے جب کہ کرکٹر کی شادی رواں برس کے آخر میں دسمبر میں ہوگی۔
دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے رابطہ افسر نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ ان خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل بھی یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بابر ورلڈکپ کے بعد نومبر میں اپنی کزن سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے لیکن بعدازاں کرکٹر سمیت ان کے والد اور مینجر نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔
بنگلادیش سے میچ سے قبل بھارتی ویب سائٹس نے دعوی کیا کہ بھارتی ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو بریانی کے بجائے سخت ڈائٹ چارٹ فراہم کیا جانا تھا جس میں ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے کباب، انڈے اور پروٹین پلیٹر موجود تھا تاہم کھلاڑیوں نے اس مینیو کو لینے سے انکار کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس مینیو کے بجائے پاکستانی کھلاڑیوں نے کولکتہ کے معروف ریسٹورینٹ سے بریانی، چانپ، فیرنی اور شاہی ٹکرے آرڈر کرکے منگوالیے۔ بعدازاں بھارت میں موجود ذرائع نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔
کپتان کی شادی کی افواہ کا مقصد کیا ہے؟
کیا واقعی بھارت کے میڈیا کو کپتان بابر اعظم کے سہرے کے پھول کھلنے کا ارمان ہے؟ آخر کیوں انہیں بابر اعظم کی شادی جلد سے جلد کروانے کا غم کھائے جا رہا ہے؟ پروپیگنڈا سائنس کے طالبعلموں کا کہنا ہے کہ بھارت میں میڈیا کی جانب سے کپتان کی شادی کی تیاریوں کی افواہ اڑانے کا بنیادی مقصد کپتان کی فین بھارتی ناریوں کو بددل کرنے سے زیادہ کچھ نہیں ہو سکتا۔ اس افواہ کے پھیلانے والے یقیناً سمجھتے ہوں گے کہ اس طرح بابر اعظم کے میچ دیکھنے کے لئے سٹیڈیم جانے والی بھارتی لڑکیوں کی تعداد میں کچھ کمی ہو جائے گی اور ان کی بیٹنگ کے دوران اچھے سٹروکس پر تالیاں بجانے والیوں کی تعداد کم ہو سکے گی، کیونکہ اس وقت بھارت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ہجوم میں خوابوں کا شہزادہ ایک بابر اعظم ہی دکھائی دیتے ہیں۔