سٹی42: آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کا اصل مقابلہ بارش سے ہے، دیکھنا یہ ہے کہ ٹاس کون جیتتا ہے اور بارش کا فیصلہ کس ٹیم کے حق میں ہوتا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ورلڈ کپ میں قسمت کا فیصلہ کرنے والا یہ اہم ترین میچ بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں آج صبح 10 بجے شروع ہو گا۔بھارت کےمحکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھارتی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے کے بعد بنگلورو میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کرکٹ کے مبصرین کا کہنا ہے کہ آج صبح میچ کا پچاس فیصد فیصلہ ٹاس سے ہو جائے گا۔ جو کپتان ٹاس جیتے گا وہی بارش کے امکان سے بہترین فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں ہو گا۔
بھارت کے میٹرلوجیکل ڈیپارٹمنٹ IMD کی پیش گوئی کے مطابق آج بنگلور میں بارش کا امکان میچ شروع ہونے کے چار گھنٹے بعد ہے۔ یہ اس سے کچھ پہلے بھی ہو سکتی ہے اور کچھ بعد بھی۔ اس طرح اگر کپتان بابر اعظم ٹاس جیت کر خود بیٹنگ پہلے کرنے کا فیصلہ کریں گے تو انہیں ابتدائی اووروں مین بہترین رن ریٹ حاصل کرنے کے لئے پہلے اوور سے ہی تیز کھیلنا ہو گا، دوسری صورت یہ ہو گی کہ وہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کیویز کو دیں اور اپنے چار فاسٹ باؤلروں سے یہ توقع کرین کہ وہ ابتدائی اووروں میں نیوزی لینڈ کو کم سے کم رنز بنانے کی اجازت دیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بظاہر اس بات کا قوی امکان ہے کہ جو کپتان ٹاس جیتے گا وہ پہلے خود بیٹنگ کرنے کو ترجیح دے گا۔
بابر اعظم نیوزی لینڈ کےخلاف4 فاسٹ بولرز کےساتھ میدان میں اتریں گے
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ میں 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فاسٹ بولر حسن علی کو شامل کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ حسن علی کو اسامہ میر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے البتہ 4 فاسٹ بولرز کھلانے کا فیصلہ اوور کاسٹ کنڈیشنز سے مشروط ہوگا۔
بنگلادیش کے خلاف میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں 3 فاسٹ بولرز( حارث رؤف، شاہین آفریدی اور محمد وسیم) شامل تھے۔