نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر عہدے سے مستعفیٰ

4 Nov, 2021 | 02:09 PM

Arslan Sheikh

شاہد ندیم سپرا: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر انجینئر اعزاز احمد مستعفی ہو گئے، کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے انجینئر اعزاز احمد کو بطور مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی تعینات کرنے کی منظوری دی جس کے بعد اعزاز احمد نے کینیڈا سے واپس آکر 5 اگست کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تاہم اس دوران اعزاز احمد کا نام پینل میں بھجوانے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے درمیان اختلافات پیدا ہونا شروع ہو گئے۔

اختلافات میں شدت آنے پر بدھ کے روز اعزاز احمد نے اجلاس کے دوران عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظور کر کے عارضی تعیناتی کے لئے پاور ڈویژن کو سمری بھجوا دی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کینیڈا سے آنے والے انجینئر فیاض احمد کو بھی بریک ڈاؤن کی وجہ سے نوکری سے فارغ کیا گیا تھا، اس طرح ملک کی سب سے بڑی ٹرانسمیشن کمپنی میں بطور سربراہ تعیناتی اختلافات کا شکار رہی ہے۔ 

مزیدخبریں