(مانیٹرنگ ڈیسک) آپ نے دیو ہیکل جانور ڈائنو سار کو فلموں میں تو دیکھا ہوگا لیکن اب وہ اقوام متحدہ کی عمارت میں بھی پہنچ گیا جہاں لوگ اسے دیکھ کر حیران ہوگئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اقوام متحدہ میں عالمی سطح پر موسمی اور ماحولیاتی تناظر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، کمپیوٹر گرافکس سے بنے ڈائنو سار کی ویڈیو کانفرنس آف پارٹیز‘ (سی او پی)26 کے موقع پر جاری کی گئی، جسے خود عالمی ادارے نے سراہا اور ٹویٹ کیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرینکی نامی ڈائنو سار نیویارک میں قائم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اندرداخل ہوتا ہے، سیکیورٹی گارڈ سے مضحکہ خیز مکالمے کے بعد فرینکی ڈائس پر جاتا ہے اور اپنی مختصر تقریر کرتا ہے جسے وہ انسانیت کے لیے ایک سبق قرار دیتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسٹیج پر موجود ہے اور ڈائس پر شرکاء سے خطاب کررہا ہے، وہ کہہ رہا ہے کہ ہم تو فنا ہوگئے، آپ خود کو بچائیے، معدومیت کو منتخب نہ کیجیے ۔
ڈائنوسارفرینکی کہتا ہے کہ میں ناپیدگی (ایکسٹنکشن) کے متعلق ایک دو باتیں جانتا ہوں میں کہنا چاہوں گا کہ ناپید ہونا ایک خوفناک عمل ہے ہم تو آسمانی پتھر یعنی شہابی ٹکر سے فنا ہوئے لیکن اب آپ انسانوں کے پاس کیا عذر ہے؟
اس کا کہنا تھا کہ آپ موسمیاتی تباہی کے دھانے پر کھڑے ہیں اور طرفہ تماشہ یہ ہے کہ عالمی حکومتیں ہر سال رکازی ایندھن پر کروڑوں اربوں ڈالر کی سبسڈی دے رہی ہیں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے کہ کوئی زمین سے ٹکرانےکے لیے آسمانی پتھر کو خود دعوت دےـ
ڈائنوسار نے اقوامِ متحدہ میں اپنے خطاب میں کوویڈ19 عالمی وبا کا بھی ذکر کیا اور دنیا سے کہا کہ وہ اس سیارے کو بچانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرے۔
خوف کی علامت سمجھا جانے والا دیو ہیکل جانور اقوام متحدہ میں کسی کو ڈرانے نہیں آیا تھا بلکہ اس کے آنے کا مقصد دنیا کے لوگوں کو یہ باور کرانا تھا کہ آنے والے والے وقت میں انسانوں کو معدومیت سے بچانا بہت ضروری ہے۔
واضح رہے کہ سی اوپی کانفرنس میں دنیا کے سربراہان اور دیگر ماہرین بدلتی ہوئی آب وہوا سے انسانیت کو لاحق ہونے والے خطرات اور ان کے حل پر غور کرے گی جس کے بعد عالمی بیانیہ جاری کیا جائے گا۔