علی رامے: سنگین جرائم کی تفتیش اور تحقیق کرنیوالے جدید سائنسی ادارے کیساتھ بھی ہاتھ ہو گیا، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو تحقیق کیلئے مختلف کیمیکلز فراہم کرنیوالا ٹھیکیدار دوڑ گیا۔
دستاویزات کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے "ایم ایوب" نامی ٹھیکیدار کو جرائم کی تحقیق کیلئے مختلف کیمیکلز کی خریداری کیلئے 2 کروڑ روپے مالیت سے زائد کا ٹھیکہ دیا تھا۔ تاہم ٹھیکیدار 20 ہزار ڈالر کا مٹیریل فرانزک سائنس ایجنسی کے حوالے کرنے کی بجائے بھاگ گیا ہے، جس کی وجہ سے فرانزک سائنس ایجنسی کو تحقیقات میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ٹھیکیدار نے شو کاز نوٹسز کے باوجود ایجنسی کو جواب نہیں دیا، فرانزک سائنس ایجنسی نے محکمہ داخلہ پنجاب اور پیپرا کو آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپرا کی ہدایات پر ایجنسی نے کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کی اپیل کی، جس کے بعد پیپرا حکام کے مطابق "ایم ایوب برادر " کمپنی کو پنجاب میں 5 سال کے لیے بلیک لسٹ کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں باقاعدہ تحریری احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔