جی سی یونیورسٹی میں ریکارڈ غیر ملکی طلبہ داخلہ لینے میں کامیاب

4 Nov, 2021 | 12:36 PM

Malik Sultan Awan

سٹی 42: لاہور کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں رواں سال مختلف شعبوں میں 13 ممالک کے 64 غیر ملکی طلباء داخلہ لینے میں کامیاب ہوگئے۔

 گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں رواں سال مختلف ڈگری پروگرامز میں داخلہ لینے والے 64 غیر ملکی طلباء میں 13 خواتین بھی شامل ہیں۔جی سی یو میں غیر ملکی طلباء کو آن کیمس ہاسٹل سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ امریکہ، روس، برطانیہ، ایران، مصر، سوئٹزرلینڈ، ہنگری، آذربائیجان، سری لنکا اور نائجیریا سمیت 13 ممالک سے طلباء نے جی سی میں داخلہ لیا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کے مطابق 64 میں سے 9 طلباء نے جی سی کے پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلہ لیا ہے۔لندن سے ایک طالب علم نے اردو ادب میں پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا ہے جبکہ روس کی ایک طالبہ نے جی سی یو میں انگریزی ادب میں اپنی تحقیق کا آغاز کیا ہے۔ یہ ایک سال میں جی سی یو میں داخل ہونے والے غیر ملکی طلباء کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کے مطابق ہمارے تعلیمی شعبے اپنے کورسز کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔ہمارے پاکستانی طلباء جب غیرملکی طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں تو وہ مختلف انداز میں برتاؤ اور بات کریں گے۔

مزیدخبریں