مہنگائی بے قابو، دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا

4 Nov, 2020 | 04:16 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: ملک بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ،حکومت اس جن کو بوتل میں بند کرنے میں بے بس نظرآتی ہے،عوام کیلئے دو وقت کی روٹی بھی مشکل ہوگئی ۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق  ہفتہ وار اعداد وشمار جاری کردیے،ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 1.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور  17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔  آلو، پیاز، ٹماٹر، لہسن، چینی، انڈے، گوشت اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی اوسط فی کلو قیمت میں 62 روپے 79 پیسے اضافہ ہوا جس سے ٹماٹر کی فی کلو قیمت 134 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 197 روپے 59 پیسے ہوگئی جب کہ پیاز کی فی کلو قیمت میں 4 اور آلو کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 81 پیسے اضافہ ہوا ہے۔ چینی ایک ہفتے کے دوران 4 روپے 15 پیسے مہنگی ہوئی اور  انڈوں کی قیمت میں 1.04 روپے فی درجن اضافہ ہوا ہے جب کہ خشک دودھ، مٹن، بیف اور دال ماش کی قیمتیں بڑھی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 13 روپے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جن میں چکن ایک روپے 92 پیسے فی کلو اور  آٹا 33 پیسے فی کلو سستا ہوا جب کہ دال مونگ، مسور، چنا،گُڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،تازہ دودھ، دہی، گھی، نمک اور مرچ سمیت 27 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
 

یاد رہے لاہور کے سہولت بازار اعوام کو کسی قسم کا ریلیف فراہم کرنے سے قاصر ہیں ، ٹماٹر مہنگا ہوتے ہی سہولت بازاروں سے غائب ہو گیا۔ ٹھوکر نیاز بیگ سہولت بازار میں ٹماٹر نایاب ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر نے 3 سنچریاں مکمل کر لیں، زیادہ سے زیادہ 300 میں فروخت ہونے لگا۔

انتظامیہ سہولت بازاروں میں ٹماٹر کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ سہولت بازار کے بیوپاری بھی انتظامیہ پر پھٹ پڑھے، کہتے ہیں کہ اشیا مہنگی ملتی ہیں اور ڈی سی ریٹ پر بیچنے پر مجبور کیا جاتا ہے، ہمارے معاشی قتل بند کیا جائے۔

مزیدخبریں