سٹی 42 : غلط پرو پیگنڈا اور جعلی خبروں کے حوالے سے بھارتی میڈیا کوئی ثانی نہیں رکھتا ،اس مکرو ہ دھندے کی مثال کراچی میں سول وار کے حوالے سے چلائی جانیوالی جعلی اور جھوٹی خبریں تھیں،ان خبروں کو پھیلانے اور پراپیگنڈہ میں پیش پیش بھارتی اینکر کو گرفتا ر کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ارنب فوسوامی کو خاتون کو خودکشی کی ترغیب دینے کے کیس میں حراست میں لیا، ارنب کو مہاراشٹرا پولیس نے ان کے گھر سے گرفتار کیا۔اس موقعہ پر پولیس کے ساتھ ان کی ہاتھا پائی بھی ہوئی، 2018 کا یہ مقدمہ پہلے بند کردیا گیا تھا اور اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے، گرفتاری کے بعد انہیں علی باغ لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ ارنب اس سے قبل بھی اپنے قابل اعتراض بیانات کے باعث متنازع نیوز اینکر کے طور پر مانے جاتے رہے ہیں، چند ماہ قبل انہوں نے بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کی تھی جس پر انہیں بھارت بھر میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور وہ غیر مقبول افراد میں شامل ہو گئے، اس کے علاوہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے کے سبب بھی ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔