کسانوں نے حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

4 Nov, 2020 | 01:16 PM

M .SAJID .KHAN

(حسن خالد)ٹھوکر نیاز بیگ میں پاکستان کسان اتحاد کے دھرنے پر پولیس کا رات گئے آپریشن، علاقہ میدان جنگ بنا رہا۔200 سے زائد کسان گرفتار کرلیےگئے۔کسان بورڈ پاکستان کے صدر نے کہا کہ  گرفتاریوں کا عمل جاری رہا تو دما دم مست قلندر ہوگا،ردعمل پرتمام تر ذمہ داری حکومت پنجاب پرہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کسان اتحاد کے کارکن بجلی کے یکساں نرخ، کھاد،گنا کی قیمتوں کا تعین کرنے سمیت دیگر مطالبات لیے منگل کے روز ٹھوکر نیاز بیگ ملتان روڈ پر جمع ہوئے، جہاں پولیس کی جانب سے مظاہرین کو شہر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اس دوران پاکستان کسان اتحاد کی مرکزی قیادت سمیت دیگر کارکنان نے دھرنا دے دیا، جس کے باعث ملتان روڈ پر بدترین ٹریفک جام رہا۔تیس گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے دھرنے میں رات گئے پولیس کی بھاری نفری نے دھاوا بول دیا۔

پولیس کی جانب سے 200 سے زائد کسانوں کو گرفتار کرلیا گیا تاہم اس دوران کسانوں کی جانب سے پولیس پر شدید پتھراؤ  بھی کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کیا۔ایس پی صدر کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے 1 گھنٹے تک آپریشن کر کے 200 سے زائد کسان گرفتار کیے اور انہیں کیمپ جیل و کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیاہے۔تاہم پاکستان کسان اتحاد کی مرکزی قیادت گرفتاری سے بچنے کیلئےمحفوظ مقام پرچلی گئی۔

 آج کسان اتحاد اراکین کا پھر سے احتجاج کیا،  کسانوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ، پولیس نے واٹر کینن کی مدد سے مظاہرین کو منتشر کر دیا، مظاہرین کے منتشر ہونے سے ملتان روڈ بھی کھول دی گئی، ایس پی صدر حفیظ الرحمان بگٹی نے پولیس کو مظاہرین کو چَھٹی کا دودھ یاد دلانے کی ہدایت کردی، ایس پی صدر حفیظ الرحمان بگٹی نے حکم دیا کہ  مظاہرین پر کیمیکل ملا پانی پھینکیں۔

پنجاب پولیس نے کسان رہنماؤں کی گرفتاریاں شروع کر دیں،سرگودھا پولیس نے مرکزی سیکرٹری جنرل وقار حسین کو گرفتار کر لیا، کسان بورڈ پاکستان کے صدر چوہدری شوکت علی چدھڑ کا کہناتھا کہ سیالکوٹ، سرگودھا، حافظ آباد میں گرفتاریاں کی گئیں، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہونگے،گھروں کی چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

شوکت چدھڑ کامزید کہناتھا کہ پنجاب بھر سے ہزاروں کسان آج لاہور پہنچیں گے،پنجاب پولیس گرفتار رہنماؤں کو فوری رہا کرے،گرفتاریوں کا عمل جاری رہا تو دما دم مست قلندر ہوگا،ردعمل پرتمام تر ذمہ داری حکومت پنجاب پرہوگی۔

مزیدخبریں