رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے شرکاء کیلئے بڑی خوشخبری

4 Nov, 2020 | 04:33 PM

Sughra Afzal

(شاہد ندیم سپرا/سعید احمد سعید) رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کا آغاز کل ہوگا، ریلوے حکام نے رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی سہولت کے لئے  ٹرینوں کو سٹاپ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ 

ذرائع کے مطابق رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے لیےانتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جمعرات کےروز بعد از نماز عصر تبلیغی اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہو گا، جس میں تیس ہزار فرزندان اسلام شرکت کرسکیں گے،رواں سال غیر ملکی مندوبین اجتماع میں شریک نہیں ہوں گے،جبکہ بھارت سے معروف علماء کرام تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے آئیں گے۔

کورونا وائرس کے پیش نظراجتماع اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان معاملات طے پا چکے ہیں،تبلیغی اجتماع انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے،جس کے بعد لاہور سمیت آٹھ اضلاع سے فرزندان اسلام اجتماع میں شریک ہوں گے۔

دوسری جانب ریلوے حکام نے رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی سہولت کے لئے ٹرینوں کواسٹاپ دینے کا فیصلہ کرلیا، اسٹاپ کی اجازت کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق رائیونڈ اجتماع کے شرکاء کی سہولت کے لیے بذریعہ لاہور اسلام آباد سے کراچی کے درمیان چلنے والی گرین لائن ٹرین کو 4، 5، 8 اور9 نومبر کو اسٹاپ کی اجازت دے دی ہے، رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر 5منٹ اسٹاپ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ 

پاکستان ریلوے نے عوام کی سہولت کے پیش نظرکوئٹہ، چمن کے درمیان چلنے والی چمن مکسڈ ٹرین کو 10 نومبر 2020 سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بذریعہ لاہور پشاور سے کراچی کے درمیان چلنے والی عوام ایکسپریس کو نیا اسٹاپ دینے کا اعلان کیا گیا، 5 نومبر سے دینہ ریلوے اسٹیشن پر بھی رُکنے کی اجازت دے دی ہے،عوام کو یہ سہولت 3 ماہ کے لیے عارضی بنیادوں پر حاصل ہو گی۔

مزیدخبریں