(ریحان گل)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹرمراد راس جذبات میں عوام کو گمراہ کرنے لگے،سٹی 42 پر سموگ اور کورونا کےباعث تعلیمی اداروں میں جلد چھٹیوں کی تجویزسےمتعلق نشر ہونے والی خبرکی اپنے ٹویٹر اکاؤ نٹ پر غلط تشریح کردی۔
تفصیلات کے مطابق سٹی فورٹی ٹو پرگزشتہ روز سموگ اورکورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث تعلیمی اداروں میں جلد چھٹیاں دینے پر پنجاب اور وفاق کے مابین مشاورت کی خبر نشر کی گئی، سٹی فورٹی ٹو نےاپنی خبر میں کسی بھی جگہ فیصلے کا لفظ استعمال نہیں کیا بلکہ مشاورت اور تجویز کا لفظ استعمال کیا گیا،لیکن صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن نے عوام کو گمراہ کرنے کے لئےاپنےٹویٹ میں خود سےہی فیصلے کا لفظ استعمال کیا اورخبر کی بغیر سوچے سمجھے خود ساختہ تشریح کرکے جھوٹا قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کے متعلق وفاق کی ہدایت پر عمل درآمد یقینی بنانے پر رضا مندی ظاہر کی تھی،اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں کورونا کے کیسز بڑھنے پر وزیراعظم عمران خان نے تشویش کااظہار کیا، علاوہ ازیں سموگ اور کورونا کے پیش نظر تعلیمی ادارے جلد بند کرنے پرغور کیا گیا۔
تاحال وفاقی حکومت اس بات پر صوبوں کی رائے لے رہی ہے کہ اگر کسی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر تعلیمی ادارے کچھ عرصہ کیلئے بند کرنا پڑے تو طلبا کیلئے متبادل بندوبست کیا ہوگا تاکہ ان کا کسی قسم کا تعلیمی حرج نہ ہو۔تعلیمی اداروں میں کورونا کیسسز کی بڑھتی ہوئی تعدادکے پیش نظر وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کرتے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس 5 نومبر کو طلب کرلی جس میں ملک بھر کے وزراء تعلیم شرکت کریں گے۔
اجلاس 5 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں موسم سرما کی چھٹیاں دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔اجلاس میں تعلیمی سال اپریل کی بجائے یکم اگست تک بڑھانے پر بھی غور کیا جائے گا۔اجلاس میں آٹھویں کے بورڈ کے امتحانات لینے یا نہ لینے کا فیصلہ بھی ہوگا۔اجلاس میں تمام صوبائی وزراء تعلیم ویڈیو لنک کے زریعے میٹنگ میں شرکت کریں گے۔اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے۔اجلاس میں وزراء تعلیم سے کورونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر تجاویز لی جائیں گی۔