(وقار گھمن) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اہم مشاورتی اجلاس،ن لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کی سیاسی حمایت جاری رکھیں گے، تاہم کسی بھی ماورائے آئین، پر تشدد احتجاج اور غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کےاجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں سیاسی صورتحال اور مارچ سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا، مشاورتی اجلاس کی تجاویز کو رہبر کمیٹی میں پیش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ میں بھرپورشرکت کی، نوازشریف کے اصولوں کی روشنی میں (ن) لیگ عمران خان سے استعفیٰ لینے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔
احسن اقبال نےکہا کہ آج وفاق اور معیشت دباو جبکہ سفارت کاری تنہائی کا شکار ہے، اناڑی حکومت نےمعیشت کو تباہ کردیا ، اقتصادی اور معاشی بحران قومی سلامتی کےلیےخطرہ بن چکا ہے، ملک میں چوردروازوں سے قانون سازی کی جارہی ہے، ایوان صدر آرڈیننس فیکٹری بن چکا ہے۔
مشاورتی اجلاس میں ن لیگی رہنما پرویزرشید، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، امیر مقام، عطاءاللہ تارڑ، ملک پرویز، اویس لغاری، جاوید عباسی، برجس طاہر، محمد زبیر اور خواجہ آصف سمیت دیگر شریک ہوئے۔