چودھری شوگر ملز کیس، مریم نواز کی ضمانت منظور

4 Nov, 2019 | 02:59 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42) لاہور ہائیکورٹ نے چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلی، درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ سٹی 42 نے حاصل کرلیا۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ  نے چودھری شوگر ملز کیس میں زیرحراست مریم نواز کی درخواست ضمانت پر  31 اکتوبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، دو رکنی بنچ کے روبرو مریم نواز کے وکیل کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا چودھری شوگر ملز میں کبھی بھی متحرک کردار نہیں رہا، ایک عرصے سے مریم نواز کے پاس ملز کے کوئی شئیرز نہیں، 1991 میں جب چودھری شوگر ملز قائم ہوئی تو اس وقت مریم نواز کم عمر تھی اور اس مل کے تمام مالی اختیارات میاں محمد شریف کے پاس تھے, مریم نواز کا بطورڈائریکٹر اور سی ای او کردار رسمی نوعیت کا تھا۔

دو رکنی بنچ کے روبرو ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ انکم ٹیکس ریٹرن کے ریکارڈ کے مطابق مریم نواز کے اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، مریم نوازچودھری شوگر ملز کی سی ای او اور شئیر ہولڈررہی ہیں، مریم نوازسے پوچھا گیا کہ چودھری شوگر ملز میں انکا 47 فیصد شئیرز ہیں بتائیں کہاں سے آئے ہیں، مریم نواز نیب کو مطمئن نہیں کر سکیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں پاسپورٹ جمع کروانے کا حکم دیدیا، تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب مریم نواز پر الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا، گرفتاری کو سزا کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ 

مزیدخبریں