(جنید ریاض) اساتذہ کے تبادلوں کیلئے سنیارٹی کے نمبروں میں بڑے پیمانے پر گڑبڑ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے تبادلوں کی پہلی فہرست آویزاں ہونے سے قبل سکول انفارمیشن سسٹم پر سنیارٹی کے نمبروں کی درستگی کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
سکول انفرمیشن سسٹم پر اساتذہ کے تبادلوں کیلئےسنیارٹی کے نمبروں میں گڑبڑکا معاملہ ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نےنوٹس لے لیا، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نےاساتذہ کی 8 کیٹیگری کے تبادلوں کیلئے پابندی اٹھا رکھی ہے، ان میں بیوہ، طلاق یافتہ، معذور اور باہمی تبادلے کے خواہش مند اساتذہ شامل ہیں۔
مذکورہ اساتذہ کے تبادلوں کیلئے سکول ایجوکیشن نے 4 نومبر تک درخواستیں طلب کر رکھی ہیں، سیکرٹری ایجوکیشن نے آئی ٹیچرز کو سنیارٹی لسٹ کےنمبروں کی درستگی کرنےکی ہدایت جاری کردی۔
سیکرٹری ایجوکیشن ارم بخاری کا کہنا تھا کہ تبادلوں کی پہلی فہرست سے قبل سنیارٹی لسٹ کےنمبر درست کیے جائیں۔
واضح رہےکہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نےتبادلوں کی پہلی میرٹ لسٹ 12 نومبر کے بعد جاری کرنی ہے۔