افغان وزیر خارجہ امیر متقی جمعہ کو اسلام آباد پہنچیں گے

4 May, 2023 | 07:56 PM

 ویب ڈیسک: افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی ،وزیرصنعت و تجارت حاجی نور الدین  جمعہ 5 مئی کو پاکستان کے 3 روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ افغانستان کی وزارت خارجہ، وزارت ٹرانسپورٹ اور وزارت تجارت کے سینئیر حکام کا وفد بھی ان کے ساتھ آ رہا ہے۔

اسلام آباد میں وزارت  خارجہ کے بیان کے مطابق افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی پاکستانی حکام کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں کے ساتھ  6 مئی کو اسلام آباد میں  پاکستان چین افغانستان کے سہ فریقی وزرا خارجہ ڈائیلاگ میں بھی شریک ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں بتایا گیا کی چین کے وزیر خارجہ چن گانگ بھی 6 مئی کو اسلام آباد کے دورہ پر آ رہے ہیں۔ 

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کے وزیر خارجہ کا اسلام آباد دورہ پاکستان کی افغان حکومت کے ساتھ انگیجمنٹ کے جاری عمل کا حصہ ہے۔ گزشتہ سال 29 نومنبر کو پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر  کابل گئی تھیں۔ اس کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف22 فروری کو اعلیٰ سطحی وفد لے کر کابل گئے تھے۔

افغانستان کے دو وزرا کے اس دورہ کے دوران پاک افغان تعلقات کےسیاسی، اقتصادی، تجارتی، مواصلاتی،تعلیمی، امن اور سکیورٹی امور کے شعبوں میں باہمی تعلقات کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔

اسلام آباد میں باخبر زرائع مولوی امیر متقی کی اسلام آباد آمد اور پاک چین افْغانستان سہ فریقی ڈائیلاگ کے انعقاد  کو پاکستان کی جانب سے تحریک  طالبان پاکستان کے خلاف حالیہ آپریشن کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل إرار  دے رہے ہیں۔ پاکستان کا افغانستان کی طالبان حکومت سے یہ دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ وہ پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی میں پاکستان کی مدد کرے۔

مزیدخبریں