( سٹی42)تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے الزامات پر ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے الزامات پر مریم نواز کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا فیصلہ کیاہے،بشریٰ بی بی نے مریم نواز کیخلاف باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کردیا اورقانونی نوٹس بھجوا دیا ، قانونی نوٹس فیصل فرید ایڈووکیٹ کی وساطت سے بھجوایا گیا ۔
قانونی نوٹس میں مریم نواز سے 7 روز میں بشریٰ بی بی سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیاگیا، نوٹس میں کہا گیاہے کہ مریم نواز نے یکم مئی کو لاہور میں ایک تقریر میں بشریٰ بی بی کیخلاف جھوٹی اور بے بنیاد الزام تراشی کی ،بیان واپس نہ لینے پر مریم نواز کو ضابط فوجداری اور ہتک عزت سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کڑی تنبیہ کی گئی ہے۔
مریم نواز کے الزامات پر مبنی تقریر کا متن بھی نوٹس کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ مریم نواز کو نوٹس میں کہاگیا ہے کہ بشریٰ بی بی مکمل طور گھر کی دہلیز تک محدود باپردہ خاتون ہیں، مریم نواز جان بوجھ کر بشریٰ بی بی اور انکے اہلخانہ کو بدنام کرنے کیلئے بدنیتی پر بنی مہم چلا رہی ہیں،غلط بیانی، بشریٰ بی بی کیخلاف ہرزہ سرائی اور سیاسی مقاصد کیلئے الزام و دشنام کی منظم مہم پر ضابط فوجداری کے تحت 5 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔