مجھے جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی،عمران خان کا نیا وڈیو بیان

4 May, 2023 | 01:31 PM

ویب ڈیسک:تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔مجھے کسی سے کوئی خطرہ نہیں،  کوئی دہشت گرد نہیں کوئی بیرونی ایجنسی نہیں، مجھے خطرہ صرف اس سے ہے جسے ہم ڈرٹی ہیری کہتے ہیں۔

جمعرات کی صبح اپنے وڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ تین دن پہلے میں نے لاہور ہائی کورٹ کو واضح کہا ہے کہ جس کو ہم ڈرٹی ہیری کہتے ہیں اس نے مجھے دو بار قتل کرنے کی کوشش کی ہے،  ایک دفعہ وزیر آباد، اس کی جے آئی ٹی کی ساری فائینڈنگز کو اس کی وجہ سے سبوتاژ کیا گیا،کیونکہ فائنڈنگز اس کی طرف جا رہی تھیں۔دوسری دفعہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس (اسلام آباد) میں مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ اب مراد سعید کو بھی ڈرٹی ہیری کی وجہ سے یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ دہشت گرد ہے۔ اگر مراد سعید کو کچھ ہوا تو یہ پیچھے ہوگا  ڈرٹی ہیری۔ میں واضح یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اگر مجھے کچھ ہوا  تو اس کے پیچھے یہ ہو گا   ڈرٹی ہیری، اور کوئی دہشت گرد نہیں، اور کوئی یہ جو بتاتے ہیں کہ جی وہ بیرونی ایجنسی سے مجھے خطرہ ہے، مجھے کسی سے خطرہ نہیں، مجھے اگر  کچھ ہوا تو  اس کے پیچھے یہ ہو گا  ڈرٹی ہیری اور جو اس کےساتھ ہیں۔

عمران خان نےکہا میرے پاوں میں سوجن ہے اس کے باوجود میں اسلام آباد جا رہا ہوں کیونکہ عدالت نے طلب کیا ہے، اور ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ہم ان لوگوں کی طرح نہیں جو  اگر فیصلہ ان کےحق میں نہ آئے تو ججوں کے خلاف پروپیگنڈا اورذلیل حرکتیں کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی کہ میں سب پاکستانیوں کو کال دے رہا ہوں کہ آپ نے پرسوں ہفتے کے دن ساڑھے پانچ بجےنکلنا ہے اپنے محلوں میں ،آپ نے اپنی  گائوں میں  ایک گھنٹے کے لئے نکلنا ہے باہر، اور میرے پاکستانیو غور سے سن لو ایک گھنٹے کے لئے آپ نے نکلنا ہے باہر اپنے چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لئے۔ کیونکہ اس وقت جو مافیا ہے وہ چیف جسٹس کے پیچھے ہاتھ دھو کے پڑا ہوا ہے۔ اس نے سپریم کورٹ کو تقسیم کیا ہوا ہے، پاکستان کے آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے،90 دن کے اندر جو الیکشن ہونے تھے کیونکہ وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔  کیونکی مہنگائی اور بے روزگاری نے تباہی مچا دی ہے پاکستان میں وہ ڈرے ہوئے ہیں الیکشن سے، اسکی وجہ سے وہ پاکستان کے ائین، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے خلاف جا رہے ہیں،میں ساری قوم سے کہتا ہوں کہ اپنے بچوں کا مستقبل بچانے کے لئے باہر نکلیں۔ 

مزیدخبریں