پہلے دن سے ہم نے دہشت والانہیں، پرامن راستہ اپنایا: چوہدری پرویز الہٰی

4 May, 2023 | 01:26 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ خواجہ آصف روز گالیاں دیتے ہیں، یہ آئین کا کھلواڑ کر رہے ہیں۔

لاہور کی انسداد دہشت کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پہلے دن سے ہم نے دہشت والا راستہ نہیں، پرامن راستہ اپنایا، ہم عدلیہ میں گئے اور پھر انہوں نے مذاکرات شروع کیے۔انہوں نے کہا کہ شریف سارا خاندان بدنیت ہے، انہوں نے کچھ نہیں کرنا، یہ لوگوں کے خلاف جھوٹے پرچے کرنے کے ماہر ہیں۔ چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ ہم ان کو اور ان کے خاندان کو بھی جانتے ہیں، ان کی عادت ہے جس سے وعدہ کرو کبھی پورا نہ کرو۔

سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مقدمات ساتھ ساتھ چلیں گے، ہم پوری طرح فائٹ کر رہے ہیں، ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں، ہم نے پیچھے ہٹنے والی بات سیکھی ہی نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم ایک مقصد کے لیے نکلے ہیں، ہمارا ایک مشن ہے، ملک کو سنوارنا ہے، ہم نے قوم کو کام کر کے دکھایا ہے، ہم آئندہ بھی کام کر کے دکھائیں گے۔واضح رہے کہ لاہور کی کی انسداد دہشت کی عدالت میں چوہدری پرویز الہٰی کی تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمہ میں عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔پرویز الہٰی نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔

سابق وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ غالب مارکیٹ پولیس نے پولیس پارٹی پر حملہ کرنے کا بےبنیاد الزام لگایا، پولیس پارٹی پر پیٹرول بم پھینکنے کا الزام بھی مقدمہ میں لگایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے جھوٹا مقدمہ درج کیاچوہدری پرویز الہٰی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ٹرائل کے حتمی فیصلے تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔

مزیدخبریں