(زین مدنی)معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے اس بار اپنا نیا نعتیہ کلام سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا جو دیکھتے ہی مقبول ہوگیا، کلام کے ریلیز کے 3 گھنٹے بعد یوٹیوب پر 1 لاکھ 4 ہزار سے زائد لوگوں نے اس کو پسند کیا اور علی ظفر اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے نعتیہ کلام ریلیز کر دیا،نعتیہ کلام ’بلغ العلہ بکماله‘ نے ریلیز ہوتے ہی مدحواں کے دل جیت لئے،ویڈیو کو خوبصورت بادشاہی مسجد کے سائے میں عکس بند کیا گیا ہے،علی ظفر کا کہناتھا کہ کلام کی ریکارڈنگ کے دوران محسوس ہونے والے جذبات کو بیان نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں علی ظفر نے کورونا وبا کے مشکل وقت میں عاجزانہ دعا شیئر کی تھی،علی ظفر نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ عاجزانہ دعا پڑھ رہے جس کے اشعار کچھ اس طرح ہیں بے کس پہ کرم کیجئے سرکارِ مدینہ،علی ظفر نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہم سب اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں,لیکن ایسی کوئی چیز نہیں جسے دعا سے نہ حاصل کیا جا سکتا ہو, رمضان کے ان بابرکت ایام میں ایک عاجزانہ دعا شیئر کررہاہوں۔
ان کا کہناتھا کہ ہوسکتا ہے اس سے ہم سب کو امن، صحت اور دنیا بھر کے لوگوں کی زندگیوں اور خوشیوں کو بحال کرنے میں مدد مل سکے،علی ظفر نے مزید لکھا اس دعا کو انہوں نے اپنی آواز میں گایا ہے لیکن اسے اوریجنلی لتا منگیشکر نے گایا تھا، اس کی موسیقی نوشاد علی نے دی ہے جب کہ اس کے اشعار شکیل بدایونی نے لکھے ہیں۔